ممبئی،31؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یواین آئی) مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیو سینا کے درمیان وزیر اعلیٰ کے عہدے کے سلسلے میں گزشتہ ایک ہفتے سے چل رہی کھینچ تان کے درمیان دیویندر فڈنویس کوچہارشنبہ کے روز بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا -امکان ہے کہ جمعرات کو بھارتیہ جنتاپارٹی اورشیوسینا کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا- بی جے پی اور شیو سینا نے حالیہ اختتام پذیر ہوئے اسمبلی انتخابات سمجھوتہ کر کے لڑا تھا - بی جے پی105اراکین اسمبلی کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی ہے جبکہ اتحادی شیو سینا کو 56سیٹیں ملی ہیں -24اکتوبر کو نتائج آنے کے بعد دونوں ہی جماعتوں میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کو لے کر ہوڑ مچی ہوئی ہے - شیو سینا وزیر اعلیٰ کی مدت کار کے معاملے میں 50-50کی بات کر رہی ہے جبکہ بی جے پی اس پر رضا مند نہیں بتائی جا رہی ہے - دونوں جماعتوں کے درمیان جاری گھمسان کے درمیان آج بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں فڈنویس کو ایک بار پھر لیڈر منتخب کیا گیا -فڈنویس کی قیادت میں بھاجپاشوسینا کی حکومت نے گزشتہ 5سال مہاراشٹر میں حکومت چلائی - مرکز کی جانب سے سپروائزر کی حیثیت سے میٹنگ میں مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور اویناش رائے کھنہ موجود تھے -
پارٹی کی قانون سازپارٹی کی میٹنگ میں بی جے پی ریاستی اکائی کے سربراہ چندرکانت پاٹل اور سینئر لیڈر سدھیر نے مسٹر فڑ نویس کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر بنائے جانے کی تجویز پیش کی - میٹنگ میں موجود سبھی اراکین اسمبلی نے متفقہ طور مسٹر فڑ نویس کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر مہر ثبت کر دی -